وزیراعظم عمران خان کی دورہ لاہورکےدوران اہم شخصیات سےملاقات، لاہور کےمسائل فوری حل کرنےکے احکامات

سردار عثمان بزدار نے صوبائی حکومت کی کارکردگی اور اہم منصوبوں پر وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ دی،عمران خان نے وزیر اعلی کو مہنگائی پر قابو پانے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف اقدامات کی ہدایت کی

1238577
وزیراعظم عمران خان کی دورہ لاہورکےدوران اہم شخصیات سےملاقات، لاہور کےمسائل فوری حل کرنےکے احکامات

وزیراعظم عمران خان  کی لاہور میں گورنر اور وزیراعلی پنجاب سے الگ الگ ملاقات میں اہم امور زیر غور آئے، اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اجلاس کی صدارت بھی کی، عمران خان نے چیمبر آف کامرس کے نمائندگان کو مسائل کے حل کی یقین دہانی بھی کروا دی۔

وزیراعظم عمران خان کے  پندرہویں دورہ لاہور میں  وزیراعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار  نے انکا استقبال کیا، دونوں رہنماوں کی ون ٹو ون ملاقات  بھی ہوئی۔

سردار عثمان بزدار نے صوبائی حکومت کی کارکردگی اور اہم منصوبوں پر وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ دی،عمران خان نے وزیر اعلی کو مہنگائی پر قابو پانے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف اقدامات کی ہدایت کی ۔

وزیر اعظم عمران خان نے انڈسٹریل زوننگ اور ٹاﺅن پلاننگ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی میں ان کی اہمیت کو نظر انداز کیا گیا جس کی وجہ سے آلودگی، بنیادی سہولیات کا فقدان اور دوسرے سماجی مسائل نے جنم لیا، ملکی ترقی کے لیے صنعتی ترقی ناگزیر ہے اس کی بدولت روزگار میسر ہو گا اور ملک میں دولت آئے گی۔

 یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندگان کے وفد سے ملاقات میں کہی۔ ملاقات میں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، صوبائی وزیرِ خزانہ مخدوم ہاشم جوان بخت، وزیرِ صنعت میاں محمد اسلم اقبال، صوبائی وزیر اطلاعات صمصام بخاری، ترجمان پنجاب حکومت شہباز گل، چیف سیکرٹری یوسف نسیم کھوکھر اور سینئر افسران شریک تھے

وزیرِ اعظم کے معاونین خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، نعیم الحق، ندیم افضل چن بھی ملاقات میں موجود تھے۔ نمائندگان نے موجودہ حکومت کے جانب سے معیشت کو باقاعدہ دستاویزی شکل میں لانے اور ٹیکس اصطلاحات کے اقدامات پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ نمائندگان نے انڈسٹریل زوننگ، کاروبار کو سہل بنانے اور کاروباری طبقے کو درپیش مسائل کے حوالے سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کاروبار میں آسانی اور کاروباری طبقے کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے حکومتی اقدامات سے شرکاءکو آگاہ کیا اور کہا کہ جلد ہی کاروباری حضرات اس ضمن میں حکومتی کاوشوں کے نتائج سے مستفید ہوں گے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کو کمشنر لاہور کی جانب سے لاہور رنگ روڈ (جنوبی) و دیگر ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ بھی دی گئی۔

اجلاس میں لاہور شہر میں درختوں کی تعداد میں بتدریج کمی، زیرِ زمین پانی کی سطح کے گرنے، آبادی میں مسلسل اضافے کے باوجود سیوریج نظام پر عدم توجہ سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ اور انفراسٹرکچر کے حوالے سے پیدا ھونے والے مسائل کے حل کے لئے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔

وزیر اعظم نے لاہور شہر کے حوالے سے ماضی کی حکومتوں کی غفلت اور بدانتظامی پرافسوس کا اظہار کیا ۔

وزیراعظم  نے صورتحال پر قابو پانے، خصوصا ماحولیاتی آلودگی کے چیلنج سے نمٹنے اور شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ۔

وزیر اعظم نے لاہور شہر کے بے ترتیب پھیلاؤ اور دیگر مسائل کے حل کے لیے بھی فوری طور پر مربوط حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت  بھی کی۔



متعللقہ خبریں