بنگلہ دیش: صدر محمد شہاب الدین نے پارلیمنٹ تحلیل کر دی

بنگلہ دیش کے صدر محمد شہاب الدین نے، وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کے فرار کے بعد عبوری حکومت کے قیام کے لئے، پارلیمنٹ تحلیل کر دی

2172074
بنگلہ دیش: صدر محمد شہاب الدین نے پارلیمنٹ تحلیل کر دی

بنگلہ دیش کے صدر محمد شہاب الدین نے، وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کے فرار کے بعد عبوری حکومت کے قیام کے لئے، پارلیمنٹ تحلیل کر دی ہے۔

روزنامہ ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق صدر شہاب الدین نے مسلح فورسز، مختلف سیاسی پارٹیوں، سول سوسائٹی تنظیموں کے نمائندوں اور طالبعلموں کے قائدین سے ملاقات کی ہے۔

مذاکرات کے بعد ذرائع ابلاغ کے لئے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر شہاب الدین نے  عبوری حکومت کے قیام کے لئے پارلیمنٹ تحلیل کر دی ہے۔

بیان کے مطابق بنگلہ دیش نیشنل پارٹی کی چیئر مین اور سابق وزیر اعظم بیگم خالدہ ضیاء  کو بھی رہا کر دیا گیا ہے۔

احتجاجی مظاہروں کے منتظمین میں سے ناہید اسلام نے خواہش ظاہر کی ہے کہ  نوبل انعام یافتہ محمد یونس کو  عبوری حکومت  کا سربراہ منتخب کر دیا جائے۔

اسلام نے سوشل میڈیا سے جاری کردہ ویڈیو میں احتجاجی مظاہروں کے رہنماوں کی یونس سے ملاقات کا ذکر کیا اور کہا ہے کہ خود محمد یونس نے بھی موجودہ صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہ ذمہ داری اٹھانے کی رضامندی ظاہر کی ہے۔

محمد یونس نے وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کے استعفے کو بنگلہ دیش کے قیام کا  دوسرا دن قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ84 سالہ  یونس کو "غریبوں کے بینک" کے لقب سے پہچانا جاتا اور ایک طویل عرصے سے حسینہ کے رقیب کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

وہ مائیکرو قرضوں کے ساتھ لاکھوں غریبوں کو غربت سے نجات دِلا چُکے  ہیں اور ان کے قائم کردہ گرامین بینک اور قائدانہ کاروائیوں کی وجہ سے 2006 میں انہیں نوبل انعام دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش  کی جنگ آزادی میں حصہ لینے والے افراد کے بچوں کے لئے سرکاری ملازمتوں میں کوٹے کی منظوری کے بعد جولائی کے وسط سے طالبعلموں کی زیرِ قیادت ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے تھے۔

بے قابو احتجاجی مظاہروں میں 300 افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہو  چکے ہیں۔

مظاہرین کے وزیر اعظم ہاوس پر دھاوے  کے بعد وہ شیخ حسینہ واجد مستعفی ہو کر بھارت فرار ہو گئی تھیں۔ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ بھارت سے لندن  روانہ ہو جائیں گی۔



متعللقہ خبریں