بنگلہ دیش کی وزیر اعظم مستعفی ہو کر ملک سے فرار ہو گئیں

بڑھتے ہوئے عوامی دباؤ اور احتجاج کے باعث شیخ حسینہ واجد نے استعفیٰ دیدیا اور اپنی بہن شیخ ریحانہ کے ہمراہ خصوصی طیارے میں بھارت روانہ ہوگئیں، انھیں مستعفی ہونے سے قبل تقریر بھی ریکارڈ کرانے نہیں دی گئی

2171503
بنگلہ دیش کی وزیر اعظم مستعفی ہو کر ملک سے فرار ہو گئیں

بنگلا دیش میں کوٹا سسٹم کے خلاف شروع ہونے والے طلبا کے ملک گیر احتجاج کے بعد جنم لینے والی سول نافرمانی کی تحریک کے نتیجے میں ملک کی سب سے طویل عرصے تک وزیر اعظم رہنے والی حسینہ واجد بالآخر مستعفی ہوگئیں۔

ملک بھر کے طلبا نے آج ڈھاکا کی جانب مارچ کا اعلان کیا گیا تھا اور ہزاروں طلبا حسینہ واجد کے گھر کے باہر پہنچ گئے تھے۔

بڑھتے ہوئے عوامی دباؤ اور احتجاج کے باعث شیخ حسینہ واجد نے استعفیٰ دیدیا اور اپنی بہن شیخ ریحانہ کے ہمراہ خصوصی طیارے میں بھارت روانہ ہوگئیں، انھیں مستعفی ہونے سے قبل تقریر بھی ریکارڈ کرانے نہیں دی گئی۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ شیخ حسینہ واجد اپنی بہن کے ہمراہ نئی دہلی پہنچ گئیں جہاں سے وہ فن لینڈ جائیں گی۔

بنگلادیش کی سب سے طویل عرصے تک وزیراعظم رہنے والی حسینہ واجد کو مبینہ طور پر فوج کی جانب سے مستعفی ہونے کے لیے 45 منٹ کا وقت دیا گیا تھا۔

تاہم ،شیخ حسینہ واجد اس سے قبل ہی خصوصی طیارے میں اپنی بہن کے ہمراہ بھارت روانہ ہوچکی تھیں۔

دوسری جانب ملک کے آرمی چیف نے عوام سے پُرامن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کچھ دیر ہی میں عوام سے خطاب کریں گے۔

واضح رہے کہ ملازمتوں میں کوٹا سسٹم کے خلاف ہونے والے پُرتشدد مظاہروں میں 300 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے تھے اور ہزاروں زخمی ہیں جب کہ متعدد تھانوں کو نذر آتش کیا جا چکا ہے۔



متعللقہ خبریں