تائیوان: 7،4 کی شدت سے زلزلہ، 4 افراد ہلاک
تائیوان کے مشرقی ساحلی شہر ہوالین میں 7،4 کی شدت سے زلزلے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہو گئے
تائیوان کے مشرقی ساحلی شہر ہوالین میں 7،4 کی شدت سے زلزلے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
امریکن جیولوجک ریسرچ سینٹر کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 7،4 ریکارڈ کی گئی ہے ۔اور اس کا مرکز تائیوان کے مشرقی ساحلی شہر ہوالین کے 18 کلو میٹر جنوب میں تھا۔
زلزلے کی گہرائی 34،8 کلو میٹر زیرِ زمین تھی اور اس کے شدت سے شہرکے رہائشی علاقے متاثر ہوئے ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ا ور 90 زخمی ہو گئے ہیں۔
تائیوان کے محکمہ موسمیات CWAکے جاری کردہ اعلان کے مطابق زلزلے کی شدت 7،2 تھی ۔ زلزلے کی وجہ سے ہوالین شہر میں کثیر تعداد میں عمارتیں متاثر ہوئی اور بہت سی منہدم ہو گئی ہیں۔
ہوالین کی مشرقی ساحلی موٹر وے 'سوہووا' میں دراڑیں پڑنے کی وجہ سے شاہراہ کو رسل و رسائل کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔ زلزلے کی وجہ سے تاویوآن بین الاقوامی ایئر پورٹ کی چھت بھی منہدم ہو گئی ہے۔
ہوالین کے اطراف میں اور جزیرے کے اندرونی حصّے میں بھی بہت سے زمینی راستے یا تو بیٹھ گئے یا پھر چٹانیں گرنے کی وجہ سے بند ہو گئے ہیں۔
CWA نے اسے تائیوان میں حالیہ 25 سالوں کا شدید ترین زلزلہ قرار دیا اور جزیرے کے شمالی علاقوں میں سونامی کی وارننگ جاری کر دی ہے۔
جاپان محکمہ موسمیات نے بھی ملک کے جنوب مغربی جزائر اوکیناوا اور میاکو میں سونامی کی وارننگ دی اور کہا ہے کہ طوفانی لہروں کی بلندی 3 میٹر تک پہنچ سکتی ہے۔
فلپائن کے محکمہ سسمولوجی نے سونامی کے خطرے کی وجہ سے ساحلی علاقوں کو خالی کرنے کی اپیل کی ہے۔
واضح رہے کہ تائیوان میں 21 ستمبر 1999 میں 7،7 کی شدت کے زلزلے میں 2 ہزار 400 افراد ہلاک اور ایک لاکھ سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ زلزلے کی وجہ سے ہزاروں عمارتیں زمین بوس ہو گئی تھیں۔