ایران۔ افغانستان سرحد پر جھڑپ، 3 فوجی ہلاک
ایران۔ افغانستان سرحد پر جھڑپوں کے دوران ایران بارڈر سکیورٹی کے 2 اہلکار اور طالبان فورسز کا ایک رکن ہلاک ہو گیا

ایران۔ افغانستان سرحد پر جھڑپوں کے دوران ایران بارڈر سکیورٹی کے 2 اہلکار اور طالبان فورسز کا ایک رکن ہلاک ہو گیا ہے۔
ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی فارس کی علاقائی ذرائع کے حوالے سے شائع کردہ خبرکے مطابق ایران کے صوبہ سیستان بلوچستان کی تحصیل ہرمند کی ساسولی پولیس چوکی کے قریب طالبان بارڈر سکیورٹی اور ایران بارڈر سکیورٹی کے درمیان جھڑپ ہوئی ہے۔
تاہم ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اِرنا نے کہا ہے کہ بارڈر سکیورٹی کمانڈ آفس کے جاری کردہ بیان کے مطابق جھڑپوں میں ایران کے 2 فوجی ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے ہیں۔
خبر کے مطابق جھڑپوں میں طالبان فورسز کو بھی کثیر تعداد میں جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
طالبان عبوری حکومت کی وزارت دفاع نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ جھڑپ ایرانی فوجیوں کی طرف سے، صوبہ نمروز کی تحصیل کانگ کے سرحدی علاقے پر، فائرنگ کئے جانے کے بعد شروع ہوئی ہے۔
طالبان وزارت داخلہ کے ترجمان عبدالنافی تیکور نے بھی ٹویٹر سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ جھڑپ کے نتیجے میں دونوں طرف سے ایک ایک شخص ہلاک اور کثیر تعداد میں افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں دریائے ہلمند کے پانی کی تقسیم پر ایران اور افغانستان کو باہمی کشیدگی کا سامنا ہے۔
طالبان انتظامیہ کا کہنا ہے کہ علاقے میں خشک سالی کا سامنا ہے، دریائے ہلمند پر واقع کیجیکی بیراج اور کمال خان دریا میں پانی کی مقدار کم ہونے کی وجہ سے ایران کو پانی نہیں پہنچ رہا۔ دوسری طرف ایران ایک تکنیکی ٹیم کو علاقے میں بھیج کر صورتحال کی تصدیق کا طلبگار ہے۔