امریکہ ابھی تک سیاست اور اقتصادیات میں افغانستان کے ساتھ جنگ لڑ رہا ہے: طالبان

امریکہ کا افغانستان کے اثاثے منجمد کرنا ایک بے رحمانہ فعل ہے اور ملک کے داخلہ معاملات میں مداخلت کی حیثیت رکھتا ہے: شیر محمد عباس ستانکزئی

1753045
امریکہ ابھی تک سیاست اور اقتصادیات میں افغانستان کے ساتھ جنگ لڑ رہا ہے: طالبان

افغانستان کی طالبان انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امریکہ ابھی تک سیاست اور اقتصادیات میں افغانستان کے ساتھ جنگ لڑ رہا ہے۔

طالبان عبوری حکومت کے نائب وزیر خارجہ شیر محمد عباس ستانکزئی نے دارالحکومت کابل میں ایک تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ امریکہ کو افغانستان میں فوجی شکست ہوئی ہے لیکن امریکہ ابھی تک سیاست اور اقتصادیات میں افغانستان کے ساتھ جنگ لڑ رہا ہے۔

ستانکزئی نے کہا ہے کہ امریکہ کو افغانستان کے داخلہ امور میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔ امریکہ نے 2001 میں دن دیہاڑے افغانستان پر قبضہ کیا اور جب یہاں سے بھاگا تو رات کے 12 بجے تھے۔ امریکہ کا افغانستان کے اثاثے منجمد کرنا ایک بے رحمانہ فعل ہے اور ملک کے داخلہ معاملات میں مداخلت کی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ دنیا افغانستان کو جو انسانی امداد فراہم کر رہی ہے وہ ناکافی ہے اور ملک کو درپیش مشکلات کے ایک فیصد کو بھی حل نہیں کرسکے گی۔

انہوں نے اس بحرانی دور میں تجارت کر سکنے کے لئے ہمسایہ ممالک سے اپنی سرحدیں کھُلی رکھنے کی اور ویزوں میں آسانی پیدا کرنے کی اپیل کی ہے۔

ستانکزئی نے کہا ہے کہ "ہم تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہش مند ہیں لیکن دنیا اور خاص طور پر امریکہ نہیں چاہتا کہ افغانستان میں ایک خود مختار حکومت قائم ہو۔ یہی وجہ ہے کہ وہ طالبان انتظامیہ کے ساتھ اتفاق نہیں کر پا رہا۔ طالبان عبوری حکومت چار ماہ سے خود مختار شکل میں کام کر رہی ہے اور اس دورانیے میں طالبان فورسز بھی تنخواہ لئے بغیر سکیورٹی خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ ان کی یہ قربانی قابل تعریف ہے"۔

انہوں نے کہا ہے کہ ملک میں خواتین کو تعلیم حاصل کرنے اور کام کرنے کا حق حاصل ہے لیکن افغانستان کی تہذیب مغربی تہذیب سے مختلف ہے۔

واضح رہے کہ طالبان نے ستمبر میں عبوری حکومت کا اعلان کیا۔ چار ماہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود ابھی تک کسی بھی ملک نے طالبان حکومت کو سرکاری سطح پر تسلیم نہیں کیا۔ 1996۔2001 میں افغانستان میں طالبان حکومت کو صرف پاکستان، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے سرکاری سطح پر تسلیم کیا تھا۔

 



متعللقہ خبریں