بنگلہ دیش: کعبہ کی بے حرمتی کرنے والا ہندو گرفتار

بنگلہ دیش میں پولیس نے، فیس بُک پر اسلام کے مقدس مقام  'حرمِ کعبہ' کے خلاف جارحانہ مواد شئیر کرنے والے، ہندو نوجوان کو حراست میں لے لیا

1721800
بنگلہ دیش: کعبہ کی بے حرمتی کرنے والا ہندو گرفتار

بنگلہ دیش میں پولیس نے، فیس بُک پر اسلام کے مقدس مقام  'حرمِ کعبہ' کے خلاف جارحانہ مواد شئیر کرنے والے، ہندو نوجوان کو حراست میں لے لیا ہے۔

پریتوش سرکار نامی ہندو  نوجوان نے اتوار کے دن شئیر کئے گئے مواد میں کعبہ کی بے حرمتی کر کے ملک کے شمالی علاقے رنگپور  کے مسلمانوں کو مشتعل کر دیا اور ملک گیر تشدد کو ہوا دی۔

مقامی ذرائع  اور پولیس کے مطابق  مواد شئیر ہونے کے بعد  چند گھنٹے کے اندر اندر جمع ہونے والے مشتعل ہجوم نے ہندووں کے  کم از کم 30مکانات اور مندروں کو نذرِ آتش کر دیا۔

جائے وقوعہ پر پہنچنے والی لاء اینڈ آرڈر فورسز اور فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے حالات کو کنٹرول میں لے لیا ہے۔

بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ اسد الزمان  خان کمال نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کروا دی ہے اور سوموار کی شام سے 45 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا ہے کہ تمام متاثرہ مکانات اور مندروں کی تعمیرِ نو کروائی جائے گی۔

کعبہ کی بے حرمتی پر مبنی مواد شئیر کرنے والے ہندو کو کل جوئےپرہات کے علاقے سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ملک کے مختلف مقامات کے مسلمانوں نے سینکڑوں ہندو مندروں اور مکانات پر حملہ کیا۔ پولیس کے ساتھ جھڑپ میں کم از کم 5 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

ہندو کمیونٹی کے اراکین نے کل، دارالحکومت ڈھاکہ اور ملک کے مختلف مقامات پر، حملوں کے خلاف احتجاج کے لئے مظاہرے کئے تھے۔

 



متعللقہ خبریں