جنوبی بحیرہ چین میں امریکی بحری نقل و حرکت،چین چوکنا ہوگیا

چینی دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم امریکہ کے طیارہ بردار بحری بیڑوں کی بحیرہ جنوبی چین میں نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہیں، طاقت کا یہ مظاہرہ خطے میں امن و استحکام کے لیے مددگار ثابت نہیں ہوگا

1580677
جنوبی بحیرہ چین میں امریکی  بحری نقل و حرکت،چین چوکنا ہوگیا

امریکی صدر جو بائیڈن کے منصب سنبھالنے کے بعد امریکی جنگی بیڑوں نے  چینی سمندری حدود کے نزدیک دوسری بڑی نقل و حرکت کی ہے۔

خبر کے مطابق ،بحیرہ جنوبی چین میں امریکی طیارہ بردار بحری بیڑوں نے مشترکہ مشقیں انجام دی ہیں جب کہ کچھ ہی روز قبل امریکی  جنگی بحری جہاز متنازع خطے میں چین کے زیر انتظام جزیروں کے  قریب  بھی  آگئے تھے۔

چینی وزارت خارجہ کی جانب سے امریکا کے اس اقدام کو خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا گیا ہے۔

چینی دفتر خارجہ کے ترجمان وانگ وینبن نے بیجنگ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم امریکہ کے طیارہ بردار بحری بیڑوں کی بحیرہ جنوبی چین میں نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہیں، طاقت کا یہ مظاہرہ خطے میں امن و استحکام کے لیے مددگار ثابت نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ چین اپنی سالمیت کو برقرار رکھنے اور علاقائی امن و استحکام کے تحفظ کے لیے ہرممکن اقدامات کرے گا۔

واضح رہے کہ کچھ ہی دن قبل چین کی جانب سے پاراسل جزائر کے قریب امریکی جنگی بیڑے  یوایس ایس جون مک کین کی نقل و حرکت کی مذمت کی گئی تھی۔

صدر بائیڈن کے منصب صدارت سنبھالنے کے بعد چینی حدود کے نزدیک امریکہ کی یہ پہلی بڑی نقل و حرکت تھی۔

 



متعللقہ خبریں