چین کووِڈ۔19 کے ساتھ جنگ لڑ رہا ہے، ملک کے کرنسی نوٹوں کو قرنطینہ میں لے لیا گیا
کرنسی نوٹوں کو الٹراوائلٹ شعاعوں اور بلند درجہ حرارت میں رکھ کر جراثیم سے پاک کیا جائے گا اور صاف کئے جانے کے بعد 7 سے 14 دن تک بینکوں میں زیرِ نگرانی رکھا جائے گا
چین میں کووِڈ۔19 وباء کے خلاف جدوجہد کے دائرہ کار میں ملک میں زیرِ استعمال کرنسی نوٹوں کو جراثیم سے پاک کیا جا رہا ہے۔
شین ہوا خبر رساں ایجنسی کی خبر کے مطابق چین کے مرکزی بینک کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق کووِڈ۔19 کے مزید پھیلاو کا سدّباب کرنے کے لئے زیرِ استعمال بینک نوٹوں کو قرنطینہ میں لے لیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق ان کرنسی نوٹوں کو الٹراوائلٹ شعاعوں اور بلند درجہ حرارت میں رکھ کر جراثیم سے پاک کیا جائے گا اور صاف کئے جانے کے بعد 7 سے 14 دن تک بینکوں کے ڈپازٹ بکسوں میں زیرِ نگرانی رکھا جائے گا۔
مزید کہا گیا ہے کہ قرنطینہ میں رکھے گئے بینک نوٹوں کو، نگرانی کی مدت پوری ہونے کی بعد ہی سرکولیشن میں لایا جائے گا تاہم ضرورت پڑنے پر بینک اپنے گاہکوں کو غیر استعمال شدہ نئی کرنسی فراہم کر سکے گا۔
واضح رہے کہ کووِڈ۔19 کی سب سے پہلے 12 دسمبر کو صوبہ ہوبئی کے شہر ووہان میں تشخیص کی گئی۔ اس سے مختصر مدت کے بعد وائرس نہ صرف ملک کے اندر بلکہ بیرونی ممالک میں بھی تیزی سے پھیلنا شروع ہو گیا ،جس پر عالمی ادارہ صحت نے ہنگامی حالات کا اعلان کر دیا تھا۔
چین میں کووِڈ۔19 وباء کی وجہ سے جانی نقصان کی تعداد ایک ہزار 771 افراد تک اور وائرس کے مریضوں کی تعداد 70 ہزار 548 تک پہنچ گئی ہے۔