نوبل امن ایوارڈ کی حقدار مسئلہ کشمیر کو حل کرنے والی شخصیت ہی ہوسکتی ہے: عمران خان

سوشل میڈیا پر دنیا بھر سے وزیراعظم عمران خان کو امن کا سفیر قرار دے کر انھیں امن کا نوبل انعام دینے کی مہم شروع کی گئی، آن لائن درخواست پر اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد دستخط کرچکے ہیں

1156473
نوبل امن ایوارڈ کی حقدار مسئلہ کشمیر کو حل کرنے والی شخصیت ہی ہوسکتی ہے:  عمران خان

پاکستان  کے  وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ میں نوبل پرائزکاحق دارنہیں ، اس کاحقداروہ ہوگاجوکشمیری عوام کی خواہشوں کےمطابق مسئلہ کشمیر حل کرے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ میں امن کے نوبل انعام کا حقدار نہیں۔

یاد رہے وزیراعظم کی جانب سے جذبہ خیرسگالی کے تحت بھارتی پائلٹ کی رہائی کے اعلان کے بعد نوبل پرائز فارعمران خان کاہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈبن گیا تھا جبکہ دنیا بھر کے اخبارات اور نیوز چینلز نے بھی پاکستان کے فیصلے کو ہیڈلائنز کا حصہ بنایا تھا۔

سوشل میڈیا پر دنیا بھر سے وزیراعظم عمران خان کو امن کا سفیر قرار دے کر انھیں امن کا نوبل انعام دینے کی مہم شروع کی گئی، آن لائن درخواست پر اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد دستخط کرچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوبل انعام کا مستحق وہ شخص ہو گا جو کشمیری عوام کی امنگوں کی روشنی میں تنازعہ کشمیر کا حل تلاش کرے گا اور برصغیر میں امن و انسانی ترقی کی راہ ہموار کرے گا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل وزیر اعظم عمران خان کو امن کا نوبل انعام دینے کی آن لائن پٹیشن پر ہزاروں افراد نے دستخط کیے تھےاور اس حوالے سے وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کی جانب سے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں قرارداد جمع کرائی گئی تھی۔ قرارداد میں کہا گیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے پاک بھارت کشیدگی کم کرانے میں دانشمندانہ کردار ادا کیا اور مہارت سے صورتحال کوامن کی جانب موڑا۔

یہاں تک کہ ٹوئٹر پر بھی وزیر اعظم عمران خان کو امن کا نوبل انعام دینے کی مہم کا آغاز کیا گیا تھا اور ’نوبل پیس پرائز فار عمران خان‘ (NobelPeacePrizeForImranKhan#) کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا گیا تھا۔

واضح رہے 27 فروری کو پاکستان نے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر بھارت کےدو طیارے مارگرائے تھے اور پائلٹ ابھی نندن کوگرفتارکرلیا تھا، جس کے بعد بھارت نے بھی طیاروں کی تباہی اور پائلٹ لاپتہ ہونے کا اعتراف کیا تھا۔



متعللقہ خبریں