افغانستان: ہوٹل پر حملہ 3دہشت گرد ہلاک
کابل کے ایک لگژری ہوٹل پر دہشت گردوں کے حملے میں تینوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا

افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ایک لگژری ہوٹل پر دہشت گردوں کے حملے میں تینوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
افغان حکام کے مطابق حملے کے بعد آپریشن کی کاروائی 12 گھنٹے تک جار رہی جس میں تمام حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
افغان اسپیشل فورسز نے اطراف میں فائرنگ کرنے والے حملہ آوروں کو روکنے کے لئے آپریشن کا آغاز کر دیا جس کے نتیجے میں سکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان جھڑپ ہوئی۔
حملہ آور باورچی خانے کے ذریعے ہوٹل میں داخل ہوئے اور پہلی منزل پر جھڑپ شروع ہونے کے بعد بالائی منزلوں کی طرف چلے گئے۔
جھڑپوں میں3 دہشت گرد ہلاک اور ایک غیر ملکی سمیت 5 شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔
عینی شاہدوں کے مطابق حملہ آوروں کے پاس کثیر تعداد میں دستی بم موجود تھے۔ انہوں نے بعض کمروں کو آگ لگا دی اور بعض افراد کو یرغمال بنا لیا ۔
تاحال کسی نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔