فلم سیٹ پر اصلی گولیوں کا چلنا مجرمانہ الزامات کو مسترد نہیں کرتا:اٹارنی
امریکہ میں فلم کی عکسبندی کے دوران مشہور ہالی وڈ اداکار ایلک بالڈون کی فائرنگ سے متعلق ڈسٹرکٹ اٹارنی کا کہنا ہے کہ حادثے میں مجرمانہ الزامات کو مسترد نہیں کیا جاسکتا
امریکہ میں فلم کی عکسبندی کے دوران مشہور ہالی وڈ اداکار ایلک بالڈون کی فائرنگ سے متعلق ڈسٹرکٹ اٹارنی کا کہنا ہے کہ حادثے میں مجرمانہ الزامات کو مسترد نہیں کیا جاسکتا۔
مقامی ڈسٹرکٹ اٹارنی نے کہا کہ فلم کے سیٹ پر اداکار ایلک بولڈون کی جانب سے مہلک حادثاتی فائرنگ میں مجرمانہ الزامات کو مسترد نہیں کیا جاسکتا۔
خبر کے مطابق، ایک انٹرویو میں سانتا فے کاؤنٹی کی ڈسٹرکٹ اٹارنی میری کارمیک-الٹویس نے کہا کہ حادثے میں استعمال ہونے والے ہتھیار کو ’پروپ گن‘ قرار دینا غلط ہے جیسا کہ میڈیا رپورٹس میں کیا گیا ہے۔
وکیل نے کہا کہ سیٹ پر ’بہت زیادہ گولیاں‘ ملی ہیں اور اس اسلحے کی نوعیت کے بارے میں تحقیقات کرنے کی ضرورت ہے۔
قبل ازیں حکام کا کہنا تھا کہ نادانستہ طور پر اداکار ایلک بالڈون کو پروپ گن سونپی گئی تھی جس سے فائرنگ کے نتیجے میں فلم کے سیٹ پر ایک سینماٹوگرافر ہلاک ہوگئی تھیں۔
چند روز قبل معروف اداکار اپنی آنے والی فلم ’رسٹ‘ کی شوٹنگ کے لیے امریکی ریاست نیو میکسیکو میں رات دیر گئے شوٹنگ کر رہے تھے کہ ان کی فائرنگ سے فلم کی ٹیم میں شامل فوٹوگرافی ڈائریکٹر ہلاک ہوگئی تھیں جبکہ ہدایت کار زخمی ہوگئے۔
دوسری جانب اداکار کے ترجمان نے بیان جاری کرتے ہوئے واقعے کو حادثہ قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ ایلک بولڈون نے جان بوجھ کر فائرنگ نہیں کی بلکہ ان سے حادثاتی طور پر گولیاں چلیں۔