پاک -ترک مشترکہ فلمسازی ،صلاح الدین ایوبی پر ڈرامہ بنانے کی تیاریاں

پاکستان اور ترکی کی ڈراما و فلم ساز پروڈکشن کمپنیز نے سلطان صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر ٹی وی سیریز بنانے کا اعلان کردیا ہے

1695606
پاک -ترک مشترکہ فلمسازی ،صلاح الدین ایوبی پر ڈرامہ بنانے کی تیاریاں

پاکستان اور ترکی کی ڈراما و فلم ساز پروڈکشن کمپنیز نے سلطان صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر ٹی وی سیریز بنانے کا اعلان کردیا۔

دونوں ممالک کی پروڈکشن کمپنیوں کے درمیان یہ معاہدہ 20 اگست کو سربیا میں طے پایا اور معاہدے کے وقت پاکستانی اداکار عدنان صدیقی بھی موجود تھے۔

پاکستانی اور ترک پروڈکشنز کے درمیان معاہدہ طے پانے کا اعلان اداکار عدنان صدیقی کی جانب سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کی گئی پوسٹس کے ذریعے کیا گیا۔

عدنان صدیقی نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ میں لکھا کہ 'ترکی کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے عزم کو آگے بڑھاتے ہوئے، ہم نے اس دوستی کے ایک نئے باب کا آغاز کردیا ہے ہمیں اُمید ہے کہ یہ خیالات اور صلاحیتوں کے تبادلے کا باعث بنے گا'۔

انہوں نے مزید لکھا کہ یہ پروجیکٹ ہماری انڈسٹریز اور ہمارے ناظرین کی کامیابی ہے جو مستقبل میں اچھے مواد کے منتظر ہوں گے۔

عدنان صدیقی نے مزید لکھا کہ ہم نے ایک عظیم جنگجو بادشاہ، صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر ایک شاندار سیریز بنانے کے لیے اشتراک قائم کیا ہے، برائے مہربانی ہماری خوشی میں شریک ہوں۔

دوسری جانب پروڈیوسر کاشف انصاری کی جانب سے بھی ایک پوسٹ کے ذریعے مذکورہ معاہدے کے وقت لی گئی تصاویر کے ساتھ شیئر کی گی۔

کاشف انصاری کی جانب سے ایک ویڈیو بھی شیئر کی گئی جس میں معاہدہ طے پانے سے متعلق بتایا گیا ہے۔

ویڈیو میں عدنان صدیقی نے بتایا کہ ڈراما سیریز سے متعلق معاہدہ سربیا کے دارالحکومت بلغراد میں طے پایا.

انہوں نے معاہدے کے لیے ترکی میں موجود نہ ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ترکی جانے کے لیے 14 روز کا قرنطینہ کرنا پڑتا ہے جبکہ ڈاکٹر کاشف انصاری اور ڈاکٹر جنید علی شاہ جاسکتے تھے میرا مسئلہ تھا جس کی وجہ سے سربیا آنا پڑا۔

عدنان صدیقی نے مزید بتایا کہ ہمایوں سعید کچھ مصروفیات کی بنا پر میرے ساتھ نہیں آسکے ورنہ وہ بھی یہاں موجود ہوتے۔

ویڈیو میں انہوں نے ایکلی فلمز کے چیف ایگزیکٹو افسر اور پروڈیوسر ایمرے کونوک اور ترک اسکرپٹ رائٹر و ڈائریکٹر احمد فاروق بیگ کا تعارف بھی پیش کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ہم یہاں ایک سیریز کے حوالے سے معاہدے کے لیے موجود ہیں جس سے متعلق کاشف انصاری اور ایمرے کونوک بتائیں گے

ترکی اور پاکستان کے اداکاروں پر مشتمل اس سیریز کی شوٹنگ ترکی میں ہوگی اور اس ڈرامے کے 3 سیزن بنانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

 سلطان صلاح الدین ایوبی ، ایوبی سلطنت کے بانی تھے اور انہوں نے صلیبیوں کو شکست دے کر 1187 میں 9 دہائیوں بعد بیت المقدس کو دوبارہ آزاد کرایا تھا۔

ان کی ایوبی سلطنت نے مصر، شام، یمن، عراق، حجاز اور دیار بکر پر حکومت کی وہ اپنی بہادری، فیاضی، حسن اخلاق، سخاوت اور بردباری کے باعث جانے جاتے تھے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ترک پروڈکشن ہاؤس تکدن فلمز  اور پاکستانی فلم ہاؤس انصاری فلمزنے نومبر 2020 میں مشترکہ پروڈکشن کے تحت ڈراما بنانے سے متعلق معاہدہ کیا تھا۔

 



متعللقہ خبریں