سعودی عرب میں" فیشن ویک" کی تیاریاں،مارچ میں منعقد ہوگا

سعودی عرب مارچ میں ہونے والے" عرب فیشن  ویک "کی پہلی مرتبہ میزبانی کرے گا جس کا انعقاد ریاض میں 26 سے 31 مارچ تک ایپکس سنٹر میں منعقد ہوگا

914832
سعودی عرب میں" فیشن ویک" کی تیاریاں،مارچ میں منعقد ہوگا

سعودی عرب مارچ میں ہونے والے" عرب فیشن  ویک "کی پہلی مرتبہ میزبانی کرے گا۔

دبئی میں قائم عرب فیشن کونسل  کے مطابق،یہ ہفتہ ملبوسات الریاض میں 26 سے 31 مارچ تک ایپکس سنٹر میں منعقد ہوگا۔

یاد رہے کہ عرب فیشن کونسل نے دسمبر میں الریاض میں اپنا ایک علاقائی دفتر کھولنے کا اعلان کیا تھا اور سعودی شہزادی نورا بنت فیصل آل سعود کو اس کا ا عزازی صدر نامزد کیا تھا۔

شہزادی نورا نے کونسل کی ویب سائٹ پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ  الریاض میں پہلا عرب فیشن ہفتہ ایک بین الاقوامی ایونٹ سے بڑھ کر ہوگا  اور ہمیں امید ہے کہ اس سے سیاحت ، مہمان نوازی اور تجارت سمیت دوسرے اقتصادی شعبوں میں بھی بہتری آئے گی۔

پیرس اور اٹلی کے شہر میلان میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی فیشن ہفتے کی طرح عرب فیشن ویک بھی سال میں دو مرتبہ منعقد ہوتا ہے جس کے دوران  شائقین اورصارفین "دیکھو اور خریدو"کے اصول کے تحت ملبوسات خرید کرسکتے ہیں۔

ماضی میں عرب فیشن ویک صرف دبئی ہی میں منعقد ہوتے رہے  جہاں 9 مئی سے 12 مئی تک اپنا متوازی عرب فیشن ویک منعقد ہو گا اور یہ اس کا چھٹا ایڈیشن ہوگا۔

موجودہ سعودی حکومت نے خواتین کو قومی دھارے میں لانے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں اور انھیں اس سال جون سے ڈرائیونگ کی بھی اجازت دے دی ہے ۔

 گزشتہ ہفتے ہی سعودی عرب کے ایک عالم اور علماء کونسل کے  رکن شیخ عبداللہ المطلق نے  کہا تھا کہ  سعودی خواتین کو عبایا پہننے  پر مجبور نہیں کیا جانا چاہیے۔

 



متعللقہ خبریں