میکسیکو: خلیج میکسیکو ہمارے لئے بھی اور پوری دنیا کے لئے بھی خلیج میکسیکو ہی ہے
ہم ایک عظیم ملک اور بھرپور ثقافتی صلاحیتوں کی حامل ایک محنتی قوم ہیں۔ میکسیکو کے شرمندہ ہونے یا خود کو کمتر محسوس کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے: صدر کلاؤڈیا شینباؤم

میکسیکو کی صدر کلاؤڈیا شینباؤم نے کہا ہے کہ "صدر ٹرمپ خلیج میکسیکو کو امریکی خلیج کہتے ہیں لیکن یہ ہمارے لئے بھی اور پوری دنیا کے لئے بھی خلیج میکسیکو ہی ہے"۔
صدر کلاؤڈیا شینباؤم نے قومی پیلس میں منعقدہ معمول کی پریس کانفرنس سے خطاب میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے، خلیج میکسیکو سے متعلقہ ، بیان کا جائزہ لیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ"وہ، امریکی براعظمی شیلف کے اس علاقے کو امریکی خلیج کہتے ہیں لیکن ہمارے لیے یہ اب بھی خلیج میکسیکو ہے اور پوری دنیا کے لیے بھی ایسا ہی ہے"۔
تارکین وطن کے معاملے پر امریکہ کے ساتھ جلد مذاکرات کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے شینباؤم نے کہا ہے کہ "میری ذمہ داری اس عظیم قوم کی نمائندگی کرنا ہے۔ اس لیے ہم امریکہ کے ساتھ تعلقات میں مساوات کی بنیاد پر کام کریں گے اور امریکہ میں رہنے والے میکسیکن شہریوں کا دفاع کرتے رہیں گے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ مذاکرات اور تعاون کا وقت آگیا ہے"۔
شینباؤم نے کہا ہےکہ امریکہ سے ملک بدر کئے گئے میکسیکن شہریوں کی مدد کے لیے 2,610 قانونی ماہرین اور 1,773 عہدیداروں پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ دوسری طرف امریکی معیشت میں میکسیکن شہریوں کی اہمیت سے بھی ٹرمپ انتظامیہ بخوبی واقف ہے۔
انہوں نے کہا ہےکہ امریکہ کے ساتھ بہت سے معاملات زیر غور لائے جائیں گے ۔ہم، منشیات کی اسمگلنگ، امریکہ سے میکسیکو میں ہتھیاروں کی آمد، ثقافتی معاملات، امریکہ میں میکسیکن شہریوں کی صورتحال اور یقیناً تجارتی تعلقات سمیت کئی معاملات پر بات چیت کریں گے۔ ہم ایک عظیم ملک اور بھرپور ثقافتی صلاحیتوں کی حامل ایک محنتی قوم ہیں۔ میکسیکو کے شرمندہ ہونے یا خود کو کمتر محسوس کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے"۔
میکسیکو کی وزیر داخلہ روزا ایسیلا روڈریگز نے بھی اپنے بیان میں کہا ہےکہ ہم، امریکہ سے واپس بھیجے گئے میکسیکن شہریوں کی مدد کریں گے۔
وزیر خارجہ خوان رامون ڈی لا فوینتے نے امریکہ میں مقیم میکسیکن شہریوں کو ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے تیار کردہ موبائل ایپ "ConsulApp" ڈاؤن لوڈ کرنے کا مشورہ دیا اور کہا ہے کہ یہ ایپلیکیشن قریب ترین قونصل خانے کو متحرک کرنے میں بہت مددگار ثابت ہوگی۔