روس نے ڈونیٹسک کے دو علاقوں کا کنٹرول سنبھال لیا
روسی فوج نے یوکرین میں اپنی پوزیشن مضبوط کر لی ہے اور ڈونیٹسک کے علاقوں 'انطونوو' اور 'میکسیموو' کو آزاد کرا لیا ہے: روس وزارت دفاع
روس وزارت دفاع نے کہا ہے کہ روسی فوج نے ڈونیٹسک کے علاقوں ' انطونوو' اور 'میکسیموو'کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔
وزارت دفاع کے جاری کردہ بیان میں یوکرین میں روس مسلح افواج کی کارروائیوں سے متعلق معلومات فراہم کی گئی ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہےکہ "روسی فوج نے یوکرین میں اپنی پوزیشن مضبوط کر لی ہے اور جنوبی و شمالی فوجی یونٹوں نے ڈونیٹسک پیپلز ریپبلک کے علاقوں 'انطونوو' اور 'میکسیموو' کو آزاد کرا لیا ہے۔"
بیان کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 146 علاقوں میں، یوکرین کے فوجی ہوائی اڈوں کی بنیادی ڈھانچوں، ڈرون بنانے والی ورکشاپوں، توانائی اور ایندھن تنصیبات اور یوکرینی فوجیوں اور فوجی سامان کی تعیناتی کے مقامات پر حملے کئے گئے ہیں۔
مزید کہا گیا ہے کہ یوکرینی فضائیہ کا ایک "میگ-29" طیارہ مار گرایا گیا ہے۔ جنگ کے آغاز سے اب تک یوکرینی فوج کے 648 طیارے، 283 ہیلی کاپٹر، 35 ہزار 289 ڈرون، 585 ایئر ڈیفنس میزائل سسٹم، 19 ہزار 63 ٹینک اور بکتر بندگاڑیاں، ایک ہزار 484 ملٹی بیرل راکٹ لانچر، 17 ہزار 368 توپیں اور ہوٹزر، اور 28 ہزار 10 خصوصی فوجی گاڑیاں تباہ کی جا چُکی ہیں۔