کملا ہیرس نے ایسے شخص کی بیٹی کی مدد لی جو کہ مشرق وسطی کی تباہی کا ذمہ دار تھا:ٹرمپ
امریکہ میں ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کی ڈیموکریٹک حریف کملا ہیرس نے ڈک چینی کی بیٹی کے ساتھ انتخابی مہم چلائی جس نے مشرق وسطیٰ کو تقریبا تباہ کر دیا تھا
امریکہ میں ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کی ڈیموکریٹک حریف کملا ہیرس نے ڈک چینی کی بیٹی کے ساتھ انتخابی مہم چلائی جس نے مشرق وسطیٰ کو تقریبا تباہ کر دیا تھا۔
پولیٹیکو کے مطابق ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران ریاست مشی گن میں تقریر کی جہاں امریکی مسلمان اور عرب سب سے زیادہ گنجان آباد ہیں۔
ٹرمپ نے اپنے خطاب میں کہا کہ بہت سے امریکی مسلمانوں اور عربوں کے دوست اور خاندان مشرق وسطیٰ میں رہتے ہیں لیکن ہیرس ریپبلکن پارٹی کی سابق رکن کانگریس لز چینی جیسے جنگی جنون میں مبتلا افراد کے ساتھ مل کر انتخابی مہم چلا رہی ہیں۔
یاد رہے کہ ان کے والد نے مشرق وسطیٰ کو تقریبا تباہ کر دیا تھا۔
ٹرمپ نے کہا کہ ڈیموکریٹس مسلم ووٹوں کی خواہش رکھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ کملا ہیرس نے لز چینی کا انتخاب کیا مجھے نہیں لگتا کہ یہ بہت اچھا کام کیا۔
ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ اگر کملا جیت جاتی ہیں تو صرف موت اور تباہی ہوگی، میں امن کا امیدوار ہوں۔
سابق رکن کانگریس لز چینی، جو ریپبلکن پارٹی کی ایک اہم شخصیت ہیں انہوں نے 4 اکتوبر کو ہیرس کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔
ڈک چینی عراق پر امریکی حملے کے دوران امریکی صدر جارج ڈبلیو بش کے معاون کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔