امریکہ: مشرق وسطیٰ میں متعین امریکی فوجیوں کو مزید کمک بھیجی جائے گی
علاقے میں موجود عسکری قوّت میں ایف۔15ای اسٹرائیک ایگل، ایف۔16، اے۔10 اور ایف۔22 جنگی طیاروں اور چند ہزار کی معاون نفری کا اضافہ کیا جائے گا: سبرینا سنگھ
امریکہ وزارت دفاع 'پینٹاگون' نے کہا ہے کہ "ہم، جارحیت کے خاتمے اور مزید وسیع علاقے میں جنگ کے پھیلاو کا سدّباب کرنے کے لئے مشرق وسطیٰ میں متعین امریکی فورسز کو جنگی طیاروں اور اضافی نفری کی کمک دیں گے"۔
پینٹاگون کی نائب ترجمان سبرینا سنگھ نے معمول کی پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ "وزارت دفاع مشرق وسطیٰ میں متعین امریکی فوجیوں کی تقویت کے لئے اقدامات کر رہی ہے اور اس کا مقصد علاقے میں جارحیت اور جنگ کے پھیلاو کا سدّباب کرنا ہے"۔
سنگھ نے کہا ہے کہ " اس وقت علاقے میں موجود 'یوایس ایس ابراہم لنکن' ایئر کرافٹ کیریئر بحری جہاز کو واپسی کا وقت آنے کے باوجود علاقے میں رہنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں فضائی دفاع کی مضبوطی کے لئے علاقے میں موجود عسکری قوّت میں ایف۔15ای اسٹرائیک ایگل، ایف۔16، اے۔10 اور ایف۔22 جنگی طیاروں اور چند ہزار کی معاون نفری کا اضافہ کیا جائے گا۔
سبرینا سنگھ نے کہا ہے کہ پینٹاگون نے مختلف امکانات کے مقابل جوابی کاروائی کے لئے زیادہ وسیع پیمانے کی تیاریوں کی خاطر ملک میں موجود فوجی یونٹوں کو بھی علاقے میں متعین کرنے کی کاروائیاں تیز کر دی ہیں ۔