وائٹ ہاوس: بائڈن نہ تو رعشہ کا علاج کروا رہے ہیں اور نہ ہی رعشہ کی کوئی دوا استعمال کر رہے ہیں

وائٹ ہاوس کی ترجمان نے ماہر نیورولوجسٹ کی 8 مہینوں میں 8 دفعہ وائٹ ہاوس آمد سے متعلق سوال جواب کے بغیر چھوڑ دیئے

2160788
وائٹ ہاوس:  بائڈن نہ تو رعشہ کا علاج کروا رہے ہیں اور نہ ہی رعشہ کی کوئی دوا استعمال کر رہے ہیں

امریکہ کے صدارتی پیلس 'وائٹ ہاوس' نے کہا ہے کہ صدر جو بائڈن نہ تو رعشہ کا علاج کروا رہے ہیں اور نہ ہی رعشہ کی کوئی دوا استعمال کر رہے ہیں۔

وائٹ ہاوس کی ترجمان کیرن جین۔پیئر نے، رعشہ کی ماہر ڈاکٹر کی 8 ماہ میں 8 دفعہ وائٹ ہاوس آمد  سے متعلق، صحافیوں کےسوالات کے جواب دیئے ہیں۔

جین۔پیئر نے کہا ہے کہ" میں سکیورٹی وجوہات کی بنا پر، ڈاکٹر کی وائٹ ہاوس آمد سے متعلقہ، تفصیلات پر بات نہیں کر سکتی۔ میں صرف اتنا بتا سکتی ہوں کہ صدر بائڈن ناں تو رعشہ کا علاج کروا رہے ہیں اور ناں ہی رعشہ کی کوئی دوا استعمال کر رہے ہیں۔ میں آپ کے سوالات کا اسی قدر جواب دے سکتی ہوں"۔

جین۔پیئر نے  یہ تو کہا ہے کہ بائڈن اس وقت تک صرف 3 دفعہ معمول کا سالانہ نیورولوجی معائنہ کروا چُکے ہیں لیکن انہوں نے رعشہ کی ماہر ڈاکٹر 'کیون کانارڈ  'کی وائٹ ہاوس آمد کے دوران بائڈن کا معائنہ کرنے یا  نہ کرنے یا پھر بائڈن کے خصوصی ڈاکٹر کے ساتھ گفتگو  کی تفصیلات سے متعلقہ سوالوں کا جواب دینے سے گریز کیا ہے۔

واضح رہے کہ وائٹ ہاوس کا زائرین ریکارڈ روزنامہ نیویارک ٹائمز  کے ہاتھ لگنے کے بعد اخبار نے شائع کردہ خبر میں کہا تھا کہ ڈاکٹر کیون کانارڈ  جولائی 2023 سے مارچ 2024 تک 8 دفعہ وائٹ ہاوس گئی ہیں۔ڈاکٹر کانارڈ  رعشہ  کی ماہر ڈاکٹر ہیں اور وائٹ ہاوس آمد کے دوران انہوں نے بائڈن کے خصوصی معالج سے بھی ملاقات کی ہے۔

امریکہ میں 5 نومبر کو متوقع صدارتی انتخابات سے قبل ڈیموکریٹ پارٹی کے امیدوار جو بائڈن اور ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ  نے 27 جون کو سی این این کی پہلی براہ راست نشریات میں مناظرہ کیا تھا۔ مناظرے میں 81 سالہ جو بائڈن، دوسرے صدارتی دور کے لئے عمر کے حوالے سے، عوامی اندیشے دُور کرنے میں ناکام رہے تھے۔

مناظرے کے بعد ڈیموکریٹ پارٹی کے بعض حلقوں اور بائڈن کے حامی بعض نشریاتی اداروں نے بائڈن سے انتخابات سے دستبرداری کی اپیل کی تھی۔ تاہم بائڈن نے، ٹرمپ کا موزوں ترین حریف ہونے کے دعوے کے ساتھ،  انتخابی دوڑ  میں شامل رہنے کا اعلان کیا تھا۔



متعللقہ خبریں