روس: یوکرین نے روسی زمین پر حملہ کیا ہے
کیف انتظامیہ نے 'ٹی یو ۔141 سٹریژ' ڈرون کے ذریعے تولا پر حملے کی کوشش کی ہے: روس وزارت دفاع

روس نے کہا ہے کہ یوکرین نے'Tu-141 سٹریژ' ڈرون کے ساتھ روسی زمین پر حملہ کیا ہے۔
روس وزارت دفاع نے روس کے علاقے تولا کے شہر کریوسک میں دھماکے سے متعلق جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ " کیف انتظامیہ نے 'ٹی یو ۔141 سٹریژ' ڈرون کے ذریعے تولا پر حملے کی کوشش کی ہے۔ علاقے میں نصب ایس۔300 ، پینٹسر۔ایس ون دفاعی میزائل سسٹم، روسی فضائی دفاعی سسٹم اور پول۔21 الیکٹرانک جنگی سسٹموں نے حملے کے مقابل علاقے کا بھر پور دفاع کیا ہے۔ خاص طور پر پول۔21 الیکٹرانک جنگی سسٹم نے یوکرین کے مسلح ڈرون طیارے کے نیویگیشن سسٹم کو بلاک کر دیا ہے"۔
بیان کے مطابق" نیویگیشن بلاک ہونے کے بعد ڈرون طیارہ تولا کے شہر کریوسک میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ روس وزارت دفاع، وزارت برائے ہنگامی حالات کے ماہرین اور پولیس جائے وقوعہ پر تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے"۔
واضح رہے کہ دارالحکومت ماسکو سے 220 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع علاقے تولا کے شہر کریوسک میں مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بج کر 19 منٹ پر دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں زمین میں گہرا گڑھا بن گیا تھا۔
دھماکے میں 2 افراد زخمی ہو گئے اور 3 رہائشی عمارتوں اور بعض ڈپووں کو نقصان پہنچا تھا۔
'ٹی یو۔141 سٹریژ 'ڈرون طیارے یوکرین کے شہر خارکیف میں بنائے جاتے اور محاربے اور جاسوسی کے لئے استعمال کئے جاتے ہیں۔ یہ ڈرون 6 ہزار میٹر بلندی پر 1110 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے 1000 کلو میٹر مسافت طے کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔