الجزاٗر میں وسیع پیمانے پر جنگلات کی آگ پر مکمل طور پر قابو پانے کا اعلان
17 اگست سے لگنے والی جنگل کی آگ میں 37 افراد ہلاک اور 183 زخمی ہوئے ہیں
الجزائر کے ادارہ برائے سول ڈیفنس نے اطلا دی ہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں لگنے والی اور 37 افراد کی اموات کا موجب بننے والی جنگلات کی آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا گیا ہے۔
الجزائر کے قومی ریڈیو کے مطابق سول ڈیفنس کے انفارمیشن اینڈ سٹیٹسٹکس کے ڈائریکٹر کرنل اشور فاروق نے کہا، "آج صبح تک ملک میں جنگل کی تمام آگ بجھا دی گئی ہے۔"
کرنل فاروق نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تیونس کی سرحد پر واقع شہر الطارف میں 73 اور شمال مشرق میں واقع شہر سک احراس کے 18 مختلف مقامات پر لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔
الجزائر کے محکمہ سول ڈیفنس کی طرف سے کل کے ایک تحریری بیان میں بتایا گیا ہے کہ 17 اگست سے لگنے والی جنگل کی آگ میں 37 افراد ہلاک اور 183 زخمی ہوئے ہیں۔
سول ڈیفنس نے کل مرنے والوں کی تعداد 41 بتائی تھی اور پھربعد میں اس میں ترمیم کر دی گئی تھی۔
الجزائر کے وزیر اعظم ایمن بن عبدالرحمٰن نے اعلان کیا ہے کہ اگلے ہفتے سے آگ میں تباہ ہونے والے شہریوں کو معاوضہ ادا کیا جائے گا۔
دوسری جانب الجزائر کی وزارت انصاف نے اعلان کیا کہ جان بوجھ کر آگ لگانے کے الزامات کی عدالتی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔