یوکیرین سے اناج کی ترسیل کے معاملے پر معاہدے کرانے پر دنیا بھر سے ترکی کو خراج تحسین

کلیدی دستخطوں کے بعد عالمی برادری کی جانب سے یکے بعد دیگرے بیانات سامنے آئے

1858495
یوکیرین سے اناج کی ترسیل کے معاملے پر معاہدے کرانے  پر دنیا بھر سے ترکی کو خراج تحسین

پوری دنیا کو متاثر کرنے والے خوراک کے بحران کو  ترکی نے حل کر لیا۔

کل، روس اور یوکرین کے فریقین نے استنبول میں اناج کی ترسیل کے معاہدوں پر دستخط کیے۔

کلیدی دستخطوں کے بعد عالمی برادری کی جانب سے یکے بعد دیگرے بیانات سامنے آئے۔

شمالی قبرصی ترک جمہوریہ  کے صدر ایرسن تاتار نے کہا کہ’’ یہ معاہدہ صدر رجب طیب ایردوان کی عظیم کوششوں، اصرار اور عزم کا مرہون منت  ہے۔ یہ معاہدہ  اس بحران سے متاثر  تمام  تر ممالک کے لیے قریبی دلچسپی کا حامل ایک معاملہ ہے۔‘‘

امریکہ نے بھی ان  معاہدوں کا خیرمقدم کیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے ایک تحریری بیان میں کہا کہ :"امریکہ اس معاہدے کا خیرمقدم کرتا ہے اور ان مذاکرات میں ثالثی کے لیے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اور صدر ایردوان کی پرعزم سفارتی کوششوں کو سراہتا ہے۔"

بلنکن نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کو اس معاہدے کے نفاذ کے لیے روس کو ذمہ دار ٹھہرانا چاہیے اور روس کو یوکرین کی بندرگاہوں کی ناکہ بندی ختم کرنی چاہیے۔

وائٹ ہاؤس کی قومی سلامتی کونسل کے اسٹریٹجک کمیونیکیشن کوآرڈینیٹر جان کربی نے بھی ثالثی کرنے پر صدر ایردوان اور گوٹیریس کا شکریہ ادا کیا۔

یورپی یونین نے بھی اس عمل میں ترکی کے اہم کردار کو سراہا اور معاہدوں پر تیزی سے عمل درآمد پر زور دیا۔

یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندے برائے خارجہ تعلقات و سیکورٹی پالیسی جوزپ بوریل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دستخطوں نے منفی روش کو تبدیل کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے معاہدوں میں تعاون پر صدر ایردوان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ معاہدے عالمی غذائی تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔

روسی وزیر دفاع سرگئی شوئیگو نے بھی کہا کہ وہ مذکورہ معاہدے کی پابندی کریں گے۔

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ترکی، روس اور اقوام متحدہ کے درمیان "یوکرین کی بندرگاہوں سے اناج اور کھانے پینے کی اشیاء کی محفوظ ترسیل کے اقدام" پر دستخط کرنے کی کوششوں پر صدر ایردوان اور انتونیو گوٹریس کا شکریہ ادا کیا۔

برطانوی وزیر خارجہ لز ٹرس نے بھی ترک صدر کی سرپرستی میں طے پانے والے معاہدوں میں ترکی کے کردار کی تعریف کی۔ اور کہا کہ "ہم ترکی اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔"

اطالوی وزیر اعظم ماریو درگہی  نے بھی کہا کہ دستخط عالمی خوراک کے بحران میں تحفیف لانے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔

 



متعللقہ خبریں