لیبیا کے سیاسی بحران کا حل نکالنا ضروری ہے:الجزائر

الجزائر نے لیبیا میں پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کے انعقاد کے ذریعے منتقلی اقتدار کے عمل کو مکمل کرنے اور ملک میں سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا

1841699
لیبیا کے سیاسی بحران کا حل نکالنا ضروری ہے:الجزائر

تونس، لیبیا اور الجزائر کے وزرائے خارجہ نے لیبیا میں جاری سیاسی بحران پر انتخابات کے ذریعے قابو پانے کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔

تونس کے وزیر خارجہ عثمان الجرندی نے اپنے الجزائر اور لیبیا کے ہم منصبوں رامتنے لامرا اور نجلا الامنقوش کے ساتھ دارالحکومت تونس میں ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد تینوں ممالک کی وزارت خارجہ نے اپنے بیانات میں بتایا کہ اس ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی مسائل اور عرب دنیا پر ان کے اثرات کے ساتھ ساتھ تینوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں لیبیا میں پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کے انعقاد کے ذریعے منتقلی اقتدار کے عمل کو مکمل کرنے اور ملک میں سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

وزرائے خارجہ نے خطے کو نشانہ بنانے والے دہشت گردی اور سرحد پار سے منظم جرائم سے نمٹنے کے طریقہ کار اور غیر قانونی نقل مکانی اور اس سےجنم لینے والے انسانی اور سلامتی کے چیلنجوں سے نمٹنے کے طریقوں کا بھی جائزہ لیا۔

تونس کے ایوان صدر کی طرف سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ دونوں مہمان وزرائے خارجہ نے تونس کے صدر قیس سعید سے بھی ملاقات کی ہے۔

ملاقات کے دوران قیس سعید نے اس بات پر زور دیا کہ لیبیا کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور استحکام کو یقینی بنانے میں معاون ثابت ہونے والی بحران کے فوری حل کے لیے کوششیں جاری رکھنا لازمی ہے۔



متعللقہ خبریں