پاکستان کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی گرے لسٹ سے باہر نکالنے یا نہ نکالنے کا فیصلہ آج ہوگا

ذرائع کے مطابق پاکستان کو بلیک لسٹ کیے جانے کا کوئی امکان نہیں ہے کیونکہ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے ایکشن پلان کے زیادہ تر نکات پر عملدرآمد کر لیا ہے

1290096
پاکستان کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی گرے لسٹ سے باہر نکالنے یا نہ نکالنے کا فیصلہ آج ہوگا

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ہونے والے ایف اے ٹی ایف کے اجلاس کا آج آخری روز ہے جس میں پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے یا نہ نکالنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کو بلیک لسٹ کیے جانے کا کوئی امکان نہیں ہے کیونکہ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے ایکشن پلان کے زیادہ تر نکات پر عملدرآمد کر لیا ہے۔

ایف اے ٹی یف کی جانب سے دی جانے والی سفارشات پر پاکستان نے کتنا عمل کیا ہے اس بات کا تعین کئے جانے کے بعد حکام کی جانب سے آج فیصلہ سنائے جانے کا امکان ہے۔

ایف اے ٹی ایف کے جائزہ اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر کی قیادت میں پاکستان کا 5 رکنی وفد شریک ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے پاکستان نے 8 ماہ کے دوران ایف اے ٹی ایف کے اہداف پر بھرپور توجہ سے کام کیا ہے جس کے نتیجے میں پاکستان کا نام بلیک لسٹ میں جانے کے خدشات نہ ہونے کے برابر رہ گئے ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق  پاکستان کا نام گرے لسٹ میں برقرار رکھے جانے کا امکان ہے جس کے بعد اگلے سال فروری تک پاکستان کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر کڑی نظر رکھی جائے گی جس کے بعد ایف اے ٹی ایف تعین کرے گا اِسے کس فہرست میں جگہ دی جائے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اس خدشے کا ظاہر کیا تھا کہ بھارت پاکستان کو بلیک لسٹ کی جانب دھکیلنے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  پاکستان نے ایف اے ٹی ایف سے متعلق بنکاک میں اپنا نقطہ نظر پیش کیا اور ایشیا پیسفک گروپ کو اقدامات سے متعلق آگاہ کیا ۔ پاکستان ایف اے ٹی ایف کو مطمئن کرنے میں کافی حد تک کامیاب رہا ہے۔



متعللقہ خبریں