امریکہ نے شمالی کوریا کے میزائیلوں کے تجربات کے بعد اسکے ایک مال بردار بحری جہاز کو روک لیا

امریکی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ قبضے میں لیا گیا جہاز شمالی کوریا کی اس شپنگ کمپنی کی ملکیت ہے جس کا تعلق وہاں کی فوج سے ہے اور جس پر امریکہ نے پابندیاں لگا رکھی ہیں

1198836
امریکہ نے شمالی کوریا کے میزائیلوں کے تجربات کے بعد اسکے ایک مال بردار بحری جہاز کو روک لیا

امریکہ نے شمالی کوریا پر عائد بین الاقوامی اقتصادی پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے پر اس کےایک مال بردار جہاز  کو روکتے ہوئے اس پر  قبضہ کرلیا ہے۔

امریکی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ قبضے میں لیا گیا جہاز شمالی کوریا کی اس شپنگ کمپنی کی ملکیت ہے جس کا تعلق وہاں کی فوج سے ہے اور جس پر امریکہ نے پابندیاں لگا رکھی ہیں۔

حکام کے مطابق مذکورہ جہاز اقوامِ متحدہ اور امریکہ کی جانب سے عائد پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں کوئلہ چین اور دوسرے ملکوں کو سپلائی کرتا تھا اور وہاں سے بھاری مشینری شمالی کوریا لے جاتا تھا۔

شمالی کوریا نے تاحال اس معاملے پر کوئی ردِ عمل نہیں دیا ہے لیکن اندیشہ ہے کہ امریکہ کے اس الزام کے بعد خطے کی صورتِ حال مزید کشیدہ ہوسکتی ہے اور شمالی کوریا مزید میزائل تجربات کرسکتا ہے۔

امریکہ نے یہ اقدام ایسے وقت کیا ہے جب شمالی کوریا نے جمعرات کو مزید دو میزائل تجربات کیے ہیں جن کے بعد خطے کی صورتِ حال ایک بار پھر کشیدہ ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

پیانگ یانگ نے جمعرات کو جن میزائلوں کا تجربہ کیا ہے وہ بظاہر کم فاصلے تک مار کرنے والے ہیں۔ ایک ہفتے کے دوران شمالی کوریا کی جانب سے میزائلوں کا یہ دوسرا تجربہ ہے جس پر پڑوسی ملک جنوبی کوریا کے علاوہ امریکہ نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔

جنوبی کوریا کی حکومت نے کہا ہے کہ نئے میزائل تجربات پریشان کن ہیں اور ان سے صورتِ حال بہتر کرنے میں کوئی مدد نہیں ملے گی۔

دوسری جانب امریکہ بھی شمالی کوریا پر عائد اقتصادی پابندیاں نرم کرنے پر آمادہ نہیں اور اس کا اصرار ہے کہ پابندیاں اٹھائے جانے سے قبل شمالی کوریا کو اپنے جوہری ہتھیار تلف کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے۔

 



متعللقہ خبریں