جنوبی کوریا اور شمالی کوریا کے درمیان اعلیٰ سطحی مذاکرات شروع ہو گئے

ہم اجلاسوں میں بھرپور کوشش کریں گے کہ پیونگ چنگ موسم سرما اولمپکس  کو ایک امن کے فیسٹیول کی شکل دی جائے اور دونوں کوریا کے درمیان روابط کو معمول پر لایا جائے: چومیونگ گیون

884368
جنوبی کوریا اور شمالی کوریا کے درمیان اعلیٰ سطحی مذاکرات شروع ہو گئے

جنوبی کوریا اور شمالی کوریا کے درمیان دو سال کے وقفے  کے بعد دوبارہ اعلیٰ سطحی مذاکرات شروع ہو گئے ہیں۔

دونوں ملکوں کے درمیان فوجیوں سے پاک سرحدی علاقے 'پان من جوم' گاوں میں منعقدہ اجلاس میں فریقین کی طرف سے پانچ پانچ اراکین نے شرکت کی۔

جنوبی کوریا  کے وزیر برائے اتحاد چومیونگ گیون نے مذاکرات سے قبل جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ "ہم اجلاسوں میں بھرپور کوشش کریں گے کہ پیونگ چنگ موسم سرما اولمپکس  کو ایک امن کے فیسٹیول کی شکل دی جائے اور دونوں کوریا کے درمیان روابط کو معمول پر لایا جائے"۔

اجلاس کے بارے میں مثبت اشارے دیتے ہوئے چو نے کہا ہے کہ "ہم مذاکرات کے نتائج کی طرف آنے کے معاملے میں عجلت نہیں کریں گے اور تحمل کے ساتھ اجلاسوں کو جاری رکھیں گے"۔

تاہم شمالی کوریا  کی پُر امن اتحاد کمیٹی کے سربراہ ری سون گوون نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ "ہم اس امید کے ساتھ یہاں ہیں کہ اجلاس میں دونوں کوریا  مخلصانہ اور  وفادارانہ طرز عمل اختیار کریں گے"۔

اس دوران مذاکرات پیانگ یانگ انتظامیہ کے بیلسٹک میزائل اور جوہری پروگرام  کی وجہ سے کوریا جزیرہ نما میں کچھ عرصے سے جاری کشیدگی کے ماحول میں ہو رہے ہیں۔

توقع ہے کہ سیول  انتظامیہ اور پیانگ یانگ انتظامیہ کی طرف سے اعلیٰ سطحی نمائندوں کی شرکت سے ان مذاکراتی اجلاسوں میں 2018 میں جنوبی کوریا میں متوقع سرمائی اولمپکس  میں شمالی کوریا کی شرکت کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ تعلقات کو معمول پر لانے اور کوریا جزیرہ نما کو جوہری اسلحے سے پاک کرنے کے موضوعات پر بات چیت کی جائے گی۔

دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات آج شروع ہو رہے ہیں ۔ یہ مذاکرات   دسمبر 2015 سے لے کر اب تک جنوبی کوریا اور شمالی کوریا کے درمیان ہونے والے پہلے اعلیٰ سطحی اجلاس کی  اہمیت رکھتے ہیں۔



متعللقہ خبریں