باکو پہنچنے پر وزیراعظم نواز شریف کا پر تپاک استقبال، آذربائیجان کی قیادت سے آج تفصیلی بات چیت ہوگی

وزیراعظم نواز شریف آذربائیجان کی قیادت سے تفصیلی بات چیت کریں گے جن میں دوطرفہ تعلقات اورباہمی دلچسپی کے علاقائی اوربین الاقوامی امورکے تمام پہلوؤں پرتبادلہ خیال کیاجائے گا۔بات چیت میں اقتصادی تعاون ،تجارت اورسرمایہ کاری کے فروغ کے طریقوں پر غورکیاجائے گا

589353
باکو پہنچنے پر وزیراعظم نواز شریف کا پر تپاک استقبال، آذربائیجان کی قیادت سے آج تفصیلی بات چیت ہوگی

وزیراعظم محمد نواز شریف جو آذربائیجان کے تین روزہ سرکاری دورے پر باکو میں ہیں۔آذربائیجان کی قیادت سے تفصیلی بات چیت کریں گے جن میں دوطرفہ تعلقات اورباہمی دلچسپی کے علاقائی اوربین الاقوامی امور کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیاجائے گا۔

بات چیت میں اقتصادی تعاون ،تجارت اورسرمایہ کاری کے فروغ کے طریقوں پر غورکیاجائے گا۔
دورے کے آخرمیں ایک مشترکہ اعلامیے پردستخط بھی متوقع ہیں۔وزیراعظم کاآذربائیجان کادورہ وزیراعظم کے ہمسایہ اورعلاقائی ملکوں کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کوفروغ دینے اورمستحکم بنانے کے نظریے کاآئینہ دار ہے۔

 اس سے قبل آذربائیجان کے نائب وزیراعظم علی احمدوف اور دیگر اعلیٰ حکام نے باکو انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔

 دو بچوں نے وزیراعظم اور بیگم کلثوم نواز کو گلدستے پیش کئے۔ صدر الہام علی ایف کی دعوت پر وزیراعظم محمد نواز شریف کا یہ آذربائیجان کا پہلا دورہ ہے۔ وزیراعظم کی آمد پر ایئرپورٹ سے شہر تک اہم چوراہوں پر پاکستان اور آذربائیجان کے جھنڈے آویزاں تھے ۔وزیراعظم کی تصاویر کے ہورڈنگز بھی لگائے گئے ۔

وزیراعظم نواز شریف باکو میں اپنے قیام کے دوران صدر الہام علی ایف اور وزیراعظم آرتھر  راسیزادے سے دوطرفہ تعلقات پر بات چیت کریں گے۔

وزیراعظم آج جمعہ کے روز باکو میں آذربائیجان کے صدراور وزیراعظم سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں  کریں گے۔  نوازشریف آج باکو سٹیٹ یونیورسٹی جائیں گے جہاں یونیورسٹی کی جانب سے انہیں ڈاکٹریٹ کی ڈگری بھی دی جائے گی۔

وزیر اعظم نے اپنے بیان میں کہا پاکستان اورآذربائیجان کے تعلقات دونوں ممالک میں ترقی و خوشحالی کے عمل میں معاون بنیں گے ۔نوازشریف آذربائیجان کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دینگے ۔ صدر،وزیر اعظم آذربائیجان کی جانب سے مہمان وزیر اعظم کے اعزاز میں ظہرانہ اور عشائیہ دیا جائے گا۔

وزیراعظم نواز شریف کا آذربائیجان کا یہ دورہ ہمسایہ اور علاقائی ممالک کے ساتھ پاکستان کے مضبوط اور وسیع تر روابط کے وژن کا عکاس ہے۔ پاکستان علاقائی ممالک کے ساتھ اپنے تاریخی اور ثقافتی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور ان کے ساتھ اقتصادی روابط کو وسعت دینے کے لئے پرعزم ہے۔



متعللقہ خبریں