ایک لاکھ شامی مہاجرین ترقی یافتہ ممالک میں پناہ لیں گے

ترکی اور دیگر ہمسایہ ممالک پر شامی مہاجرین کا بوجھ ہلکا کرنے کے لئے ترقی یافتہ ممالک نے تقریباً 1 لاکھ شامی مہاجرین کو قبول کرنے کا وعدہ کیا ہے

143270
ایک لاکھ شامی مہاجرین ترقی یافتہ ممالک میں پناہ لیں گے

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ ترکی اور دیگر ہمسایہ ممالک پر شامی مہاجرین کا بوجھ ہلکا کرنے کے لئے ترقی یافتہ ممالک نے تقریباً 1 لاکھ شامی مہاجرین کو قبول کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

اقوام متحدہ کے جنیوا دفتر میں ترکی اور دیگر ہمسایہ ممالک میں موجود شامیوں کو دیگر ممالک میں منتقل کرنےا ور نئے سرے سے ان کے قیام کے موضوع پر منعقدہ کانفرنس میں تقریباً 40 ممالک نے شرکت کی۔
کانفرنس میں بعض ممالک کی طرف سے وزراء کی سطح پر شرکت کی گئی اور شرکاء نے اپنے ممالک میں قبول کئے جا سکنے والے شامیوں کی تعداد کے بارے میں عزائم کا اعلان کیا۔
کانفرنس سے قبل اقوام متحدہ نے ترقی یافتہ ممالک سے سال 2016 تک ایک لاکھ 30 ہزار شامیوں کو قبول کرنے کی اپیل کی۔
کانفرنس میں اس بات کا بھی اظہار کیا گیا کہ سویڈن اور جرمنی سب سے زیادہ شامی مہاجرین کو قبول کرنے والے یورپی ممالک ہیں۔
امریکہ نے 9 ہزار شامیوں کو قبول کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کانفرنس کے اختتام پر منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر انتونیو گٹرس نے کہا کہ ہم سال 2016 کے آخر تک ایک لاکھ 30 ہزار شامیوں کو ترقی یافتہ ممالک میں پناہ فراہم کرنے کا ہدف رکھتے ہیں۔
گٹرس نے کہا کہ" میں ترکی میں شامیوں کے لئے قائم کردہ کیمپوں کی تعریف کرتا ہوں یہ کیمپ اقوام متحدہ کے قائم کردہ کیمپوں سے کئی درجے بہتر ہیں"۔
واضح رہے کہ ترقی یافتہ ممالک آئندہ 2 سالوں میں شامیوں کی جس کُل تعداد کو قبول کریں گے وہ داعش کے حملوں سے بچ کر گذشتہ 3 دن میں ترکی آنے والے تقریباً 2 لاکھ شامیوں کی تعداد کا نصف ہے۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں