ملک میں احتساب کے نام پر پری پول دھاندلی کی جا رہی ہے: شہباز شریف

اگلے پانچ سال میں ملک کو ترکی اور ملائشیا کے ہم پلہ کر دیں گے، کشمیر کی آزادی کے لئے پاکستان کا مضبوط اور مستحکم معاشی طاقت بننا ناگزیر ہے اور اگلے پانچ سالوں میں ہم انشاء اللہ بھارت کو تعلیم، صحت اور کئی شعبوں میں پیچھے چھوڑ دیں گے: شہباز شریف

1016844
ملک میں احتساب کے نام پر پری پول دھاندلی کی جا رہی ہے: شہباز شریف

پاکستان کی سیاسی جماعت مسلم لیگ نون کے صدر محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں احتساب کے نام پر پری پول دھاندلی کی جا رہی ہے۔

ایک انٹرویو میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ملک کو معاشی اور  ایٹمی قوت بنانے والے نواز شریف کے ساتھ نگران حکومت کا سلوک قابل مذمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب کو پشاور میں  70 ارب کی کرپشن نظر نہیں آتی۔ ہمیں دیوار سے لگایا جا رہا ہے اور یہ پری پول دھاندلی ہے جس کا ذمہ دار الیکشن کمیشن ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی ایک جماعت کو ٹارگٹ بنا کر احتساب نہیں کیا جا سکتا، 25 جولائی کا سورج ہماری فتح کی نوید لے کر طلوع ہو گا۔ ووٹر پہلے سے زیادہ پُر جوش ہیں ، ہم انشاء اللہ مرکز ، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں حکومتیں بنائیں گے اور اگلے پانچ سال میں پاکستان کو ترکی اور ملائشیا کے ہم پلہ لے جائیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ یہ الیکشن اس لئے بھی بہت اہم ہے کہ اس نے مستقبل کی راہ دکھانی ہے ۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ دشمن ہماری شہ رگ پر وار کر رہا ہو ہمارے کشمیری بھائیوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہا ہو  اور ہم سکون سے بیٹھے رہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے لئے پاکستان کا مضبوط اور مستحکم معاشی طاقت بننا ناگزیر ہے اور اگلے پانچ سالوں میں ہم انشاء اللہ بھارت کو تعلیم، صحت اور کئی شعبوں میں پیچھے چھوڑ دیں گے۔

احتساب عدالت کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں مسلم لیگ نون کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ احتساب عدالت نے عمران خان کے تمام الزامات مسترد کر دئیے ہیں۔ نواز شریف پر عمران خان کا بنیادی الزام کرپشن کا تھا لیکن احتساب  عدالت کے فیصلے کے صفحہ 171 پر جج صاحب کے الفاظ گواہی دے رہے ہیں کہ کرپشن ثابت نہیں ہوئی، اس طرح عمران خان کا الزام غلط ثابت ہوا اور نواز شریف کی سچائی ثابت ہوئی ہے۔

اس سوال کے جواب میں کہ عمران خان آپ کی اڈیالہ جیل منتقلی کی باتیں کرتے ہیں، شہباز شریف نے کہا کہ نجانے عمران خان ایسی باتیں ہوش و حواس میں بھی کرتے ہیں یا نہیں، ان سے ہی پوچھیں کہ میں انہیں کیوں خطرناک لگتا ہوں۔

شہباز شریف نے کہا کہ لاہور میں میٹرو بس 30 ارب کی بنی ہے ، پشاور میں 67 ارب روپے سے زائد کی بن رہی ہے  اور اس کا ٹھیکہ بھی ایک بلیک لسٹ کمپنی کو دیا گیا ہے۔ اگر پنجاب میں ایسا ہوا ہوتا تو ہمیں کالے پانی بھیج دیا جاتا۔



متعللقہ خبریں