نواز شریف کو اب کوئی قوت نہیں بچاسکتی: عمران خان

عمران خان نےکہا ہے کہ ن لیگ کسی غلط فہمی میں نہ رہے ، اگر اداروں کو تباہ کرنے کی کوشش کی گئی تو پوری قوم نکلے گی اور نوازشریف کو چھپنے تک کی کوئی جگہ نہیں ملے گی

نواز شریف کو اب کوئی قوت نہیں بچاسکتی: عمران خان

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف  کو اب  نہیں بچا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ اڈیالہ  جیل اب ان کا مقدر ہے،  اب نواز شریف کو   ٹرمپ ، مودی اور قطری شہزادہ نہیں بچا سکتا ۔

انہوں نے کہا کہ   ن لیگ کسی غلط فہمی میں نہ رہے ، اگر اداروں کو تباہ کرنے کی کوشش کی گئی تو پوری قوم نکلے گی اور نوازشریف کو چھپنے تک کی کوئی جگہ نہیں ملے گی۔

عمران خان نے کہا کہ دھرنے سے لیکر اب تک قوم میں شعور پیدا کیا ، اب قوم کوسمجھ آچکی ہے کہ نوا ز شریف معصوم اور مظلوم بن کر گزشتہ تیس برس سے قوم کو دھوکا دے رہے ہیں ، پہلے قوم صرف زرداری کو ہی چور سمجھتی تھی ، مگر نوازشریف بھی 30 سال سے چوری کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا  اب ثابت ہو چکا کہ وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز ہی لندن فلیٹس اور نیلسن کمپنی کی مالک ہیں اور اب ن لیگ اسے سازش قرار دے رہی ہے ، ن لیگ کو شرم کرنی چاہیے۔

 انہو ں نے کہا کہ حکمراں سازش کی باتیں کرتے ہیں اور یہ نہیں بتاتے کہ سازش کون کر رہا ہے ، کیا عالمی اور مقامی ادارے سب ان کے خلاف سازش کر رہے ہیں ۔ عمران خان نے کہا کہ شریف خاندان کی چوری بچانے کیلئے ن لیگ سارے ادارے تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے ، بمباری سے ملک تباہ نہیں ہوتے ادارے تباہ کرنے سے ملک تباہ ہوتے ہیں۔

 ن لیگ نے منی لانڈرنگ کو تحفظ دینے کیلئے قانون بنایا ، ن لیگ کے پاس منی لانڈرنگ کا پورا نیٹ ورک ہے ، جے آئی ٹی کی رپورٹ کو اب جمہوریت کیخلاف سازش قرار دیا جا رہا ہے ۔ ن لیگ نے سارے ادارے تباہ کر دئیے ، قطری خط بھی محض فراڈ تھا ۔

عمران خان نے کہا کہ شریف خاندان ذاتی مفاد کیلئے پاکستان کو تباہ کرنے کی سازش کر رہا ہے ۔ جے آئی ٹی کے بعد اب ن لیگ سپریم کورٹ اور پاک فوج پر اٹیک کرنے اور ادارے تباہ کرنا چاہتی ہے ، ان دو اداروں کے سوا تمام اداروں پر پہلے ہی اٹیک کرچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اب نواز شریف جدہ نہیں بلکہ اڈیالہ جیل جائیں گے ۔



متعللقہ خبریں