دہشت گردی کے خاتمے میں پاکستان کا مفاد سب سے مقدم ہے : وزیراعظم نواز شریف

وزیر اعظم نے سعودی عرب سے واپسی پر جہاز میں تمام ایڈیٹرز اور کالم نویسوں سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی اور ان سے کانفرنس کے مقاصد ، پاکستان کے موقف اور دہشت گردی کے خلاف سدباب کے لیے اقدامات کے حوالے سے آرا معلوم کیں

738067
دہشت گردی کے خاتمے میں پاکستان کا مفاد سب سے مقدم ہے : وزیراعظم نواز شریف

وزیر اعظم نواز شریف نے کہاہے کہ دہشتگردی کا خاتمہ ہرصورت کرینگے ، پاکستان فیصلے اپنے مفاد کے تحت کرے گا،انہوں نے دہشت گردی کے بین الاقوامی رجحان کو عالمی برادری کے لیے خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے خلاف موثر ، مضبوط اور نتیجہ خیز اقدامات کی ضرورت ہے ۔

وزیراعظم محمدنوازشریف سعودی عرب کا تین روزہ دورہ مکمل کر نے کے بعد منگل کو اسلام آباد واپس پہنچ گئے۔

 قبل ازیں وزیراعظم محمد نواز شریف روضہ رسول پر حاضری کے بعد مدینہ منورہ سے وطن واپس روانہ ہوئے تو پرنس محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مدینہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان اور پاکستانی سفارتخانے کے اعلیٰ حکام نے وزیراعظم کو رخصت کیا۔ وزیراعظم نے اپنے تین روزہ دورے کے دوران ریاض میں پہلی عرب اسلامی امریکہ سربراہ کانفرنس میں شرکت کی۔

وزیر اعظم نے سعودی عرب سے واپسی پر جہاز میں تمام ایڈیٹرز اور کالم نویسوں سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی اور ان سے کانفرنس کے مقاصد ، پاکستان کے موقف اور دہشت گردی کے خلاف سدباب کے لیے اقدامات کے حوالے سے آرا معلوم کیں۔

 وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں اپنے فیصلے اپنے مفادات کے تابع کرنے ہیں، پاکستان میں دہشت گردی کے حوالے سے ہزاروں افراد نے قربانی دی، ڈیڑھ سو ارب سے زائد کا نقصان برداشت کیا ،پاکستان کو تعمیر و ترقی کی منزل پر پہنچانے کے لیے ہر قیمت پر دہشت گردی کا سدباب کرنا ہے اور اپنے مفادات کا تحفظ کرنا ہے ۔انہوں نے سی پیک کی اہمیت اور حیثیت کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی خود انحصاری کے لیے سی پیک کا کردار کلیدی ہے ،سی پیک کا دائرہ کار آنے والے وقت میں اور وسیع ہوتا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ہاں کچھ لوگ بلاوجہ اس پربھی تنقید کرتے اور کیڑے نکالتے نظر آتے ہیں،ہمارا عزم ہے کہ کسی سے الجھے بغیر پاکستان کی ترقی کو مقدم رکھتے ہوئے اپنا کام کرتے جانا ہے ، مخالفین کی وجہ سے نہ تو سی پیک جیسے عظیم منصوبے سے انحراف کر سکتے ہیں اور نہ ہی اس کے اقتصادی ثمرات کو ضائع ہونے دیں گے ۔

نواز شریف نے کہا کہ ہمسایوں سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں، اچھے تعلقات کی بنیاد پر ہی خطے میں امن قائم ہو سکتا ہے ، اچھے تعلقات کے لیے پاکستان نے ہمیشہ ایک قدم آگے بڑھایا ۔ہم سمجھتے ہیں کہ افغانستان کے اندر سے بھی دہشت گردی کا خاتمہ ہونا چاہیے ، افغانستان میں دہشت گردی کا خاتمہ نہیں ہوگا تو خطے میں اس کے مضر اثرات ہونگے ۔



متعللقہ خبریں