عالمی ٹیسٹ کرکٹ رینکنگ میں پاکستان نمبر ون

سن دو ہزار تین میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کی جانب سے متعارف کرائی گئی عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے بعد پاکستان نے پہلی بار سرکاری طور پر دنیا کی تمام ٹیسٹ اقوام کو پیچھے چھوڑا ہے

557304
عالمی ٹیسٹ کرکٹ رینکنگ میں پاکستان نمبر ون

ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستانی ٹیم بھارت کی جگہ دنیا کی نمبرایک ٹیم بن گئی ہے۔ پاکستان نے یہ اعزاز بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پورٹ آف اسپین ٹیسٹ بارش کی نذر ہونے کے بعد حاصل کیا ہے۔

سن دو ہزار تین میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کی جانب سے متعارف کرائی گئی عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے بعد پاکستان نے پہلی بار سرکاری طور پر دنیا کی تمام ٹیسٹ اقوام کو پیچھے چھوڑا ہے۔

پاکستانی ٹیم عالمی نمبر ایک بننے والی آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور بھارت کے بعد دنیا کی چھٹی ٹیم ہے۔ اس سے قبل پاکستان ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ کانفرنس کے دنوں میں ویسٹ انڈیز کے خلاف انیس سو اٹھاسی کا بارباڈوس ٹیسٹ جیت کر دو ماہ کے لیے عالمی نمبر ایک بنی تھی۔ اس زمانے میں عمران خان ٹیم کے کپتان تھے۔

کپتان مصباح الحق کہتے ہیں کہ پاکستانی ٹیم کو اس کی اعلیٰ کارکردگی کا صلہ مل گیا ہے اور انہیں اس اعزاز پر فخر ہے۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم سال ہا سال کی اچھی کارکردگی کے بعد نمبر ون کی حقدار تھی۔ آئی سی سی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کو عالمی نمبر ایک بننے پر آئی سی سی کا گرز یا سورمائی نشان جلد ہی لاہور میں ایک تقریب میں دیا جائے گا۔

پاکستانی ٹیسٹ کپتان مصبا ح الحق بھی ٹیسٹ رینکنگ میں نمبرون پوزیشن پر خوشی سے نہال ہوگئے ۔ ان کا کہنا ہے کہ اس اعزاز کے ملنے پر تمام کھلاڑی، ٹیم مینجمنٹ اور بورڈ انتظامیہ سب مبارک باد کے مستحق ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ پاکستان کرکٹ کیلئے انتہائی نیک شگون ہے جس سے ملک میں کرکٹ کو مزید فروغ حاصل ہو گا۔

 مصباح الحق کے مطابق وہ اب کوشش کریں گے کہ اس مقام کو برقرار رکھا جائے اور چاہیں گے کہ ماضی کی طرح پوری دنیا پاکستان کرکٹ کو احترام کی نظر سے دیکھے ۔ انہوں نے بتایا کہ گرین شرٹس کے پاس اپنی پوزیشن کو مستحکم کرنے کا شاندار موقع ہے کیونکہ ستمبر میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان کے خلاف سیریز یو اے ای میں کھیلے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کے پروفیشنل کیریئر کا انتہائی قابل فخر لمحہ ہے کیونکہ آئی سی سی کی درجہ بندی میں سرفہرست آنے سے بڑی خوشی کچھ اور نہیں ہوسکتی۔



متعللقہ خبریں